بھٹکل 28/جولائی (ایس او نیوز) سات سال قبل سعودی عربیہ کے دارالحکومت ریاض کے پرنس محمد بن عبدالعزیز اسپتال سے بھٹکل لانے کے بعد آج اتوار کو ابوبکر مکڑے (49) انتقال کرگئے۔ انا للہ و اناالیہ راجعون۔ بعد نماز عصر جامعہ آباد سیدنا ابراہیم مسجد میں نماز جنازہ کے بعد تینگن گُنڈی قبرستان میں ان کی تدفین عمل میں آئی۔ اس موقع پر سینکڑوں لوگ جنازے میں شریک تھے۔ ان کے پسماندگان میں بیوی، دو بیٹیاں اور دو بیٹے شامل ہیں۔
یاد رہے کہ 19 جنوری 2017 کو اس تعلق سے ساحل آن لائن پر خبر شائع کی گئی تھی جس کے مطابق نو ماہ سے یہ شخص ریاض کے پرائیویٹ اسپتال میں کومہ کی حالت میں ایڈمٹ تھا اور اسے واپس انڈیا روانہ کرنے کے لئے اسپتال کا بل بھرنا ضروری تھا جو بڑھتے بڑھتے قریب ایک کروڑ روپئے سے تجاوز کرگیا تھا۔ دوسرا مسئلہ اس کے اسپاونسر کا بھی تھا اور اسے انڈیا روانہ کرنے کے لئے کاغذات پر اُس کے دستخط ضروری تھے۔ ساحل آن لائن پر رپورٹ شائع ہونے کے اگلے روز معروف انگریزی اخبار ٹائمز آف انڈیا نے اس خبر کو فرنٹ صفحہ پر چھاپا تھا، جبکہ دیگر مقامی کنڑا میڈیا میں بھی اس معاملے کو اُچھالا گیا تھا جس کے بعد اُس وقت کی وزیر خارجہ سشما سوراج نے ٹویٹ کا جواب دیتے ہوئے انڈین ایمباسی سے رجوع ہونے کی ہدایت دی تھی۔ اُس وقت کے بھٹکل مسلم جماعت ریاض کے جنرل سکریٹری ڈاکٹر ظہیر کولا اور مرڈیشور جماعت کے اُس وقت کے سرگرم رکن ڈاکٹر وسیم مانی جو ابھی ریاض میں مرڈیشور جماعت کے صدر کے عہدہ پر فائز ہیں، نے انہیں انڈیا روانہ کرنے میں نہایت اہم رول ادا کیا تھا اور اسپتال کے مالک سے گفتگو کرتے ہوئے پورا بل معاف کرایا تھا، جناب ڈاکٹر وسیم مانی اُس وقت ابوبکر صاحب کو خود ہی بینگلور لے کر آئے تھے، جبکہ بنگلور میں مرڈیشور جماعت نے ابوبکر کاہر لحاظ سے پورا خیال رکھا تھا۔ بعد میں اسے جب بھٹکل لایا گیا تو بھٹکل میں بھی ڈاکٹر ظہیر کولا، ڈاکٹر وسیم مانی اور بھٹکل سمیت مرڈیشور جماعت نے اس کے علاج کے لئے ہرممکن کوشش جاری رکھی تھی ، جبکہ اس کے تین بچے فی الوقت زیر تعلیم ہیں۔
مرحوم ابوبکر کے بہنوئی صلاح الدین ایبّو نے بتایا کہ ابوبکر کا علاج باقاعدہ جاری تھا اور صحت میں کافی سدھار بھی آرہا تھا لیکن اچانک جمعہ کو اسے سانس لینے میں تکلیف محسوس ہوئی تو بھٹکل سرکاری اسپتال میں ایڈمٹ کرایا گیا، لیکن آج اتوار صبح قریب ساڑھے چار، پانچ بجے وہ خالق حقیقی کی آواز پر لبیک کہہ گیا۔ اللہ اُس کی بھرپور مغفرت فرمائے، تمام پسماندگان کو صبر جمیل عطا فرمائے ۔ اٰمین
سات سال قبل شائع رپورٹ:
بھٹکل کا ایک نوجوان نو ماہ سے سعودی عربیہ کے ایک اسپتال میں ایڈمٹ؛ اسپتال کا بل ایک کروڑ روپیہ
Bhatkal's Makde Abubakar in coma for nine months brought back to India
جناب صلاح الدین نے بتایا کہ مرحوم ابوبکر کو ریاض سے بینگلور اور بھٹکل لانے اور اس کے علاج سمیت دیگر اخراجات وغیرہ کے لئے بھٹکل سمیت مرڈیشور ، منکی ، شیرور اور گنگولی جماعت کے بھی کئی ذمہ داران نے تعاون کیا ہے۔ اللہ تعالیٰ تمام کی خدمات کو قبول فرمائے اوراُنہیں جزائے خیر عطا فرمائے۔ اٰمین